صِرَاطَ ۔ الّذِیْنَ ۔ اَنْعَمْتَ ۔ عَلَیْ ۔ ھِمْ۔
راستہ ۔ اُن لوگوں کا ۔ تو نے انعام کیا۔ پر ۔ وہ ۔
صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ
اُن لوگوں کا راستہ جن پر تُو نے انعام کیا
اس سے پہلی آیہ میں ہم نے الله تعالی سے دُعا کی تھی ۔ کہ وہ ہمیں سیدھی راہ دکھلائے ۔ اب سیدھی راہ کی مزید تشریح اس آیہ مبارکہ میں کی گئی ہے ۔ مکمل تعلیم اور ہدایت کی ساری کی ساری باتیں قرآن مجید میں آ گئی ہیں ۔ الله تعالی نے اپنے فضل وکرم سے ہدایتوں کے عملی نمونے بھی انسانوں میں کثرت سے بھیج دئیے ۔ تاکہ ان کی پاکیزہ زندگی سامنے رکھ کر صراط مستقیم پر چلنا ہمارے لئے اور آسان ہو جائے ۔ چنانچہ ہمیں دُعا سکھائی ۔ کہ وہ ہمیں ایسے لوگوں کے نقشِ قدم پر چلائے ۔ جن پر الله تعالی نے انعام نازل فرمائے ۔
ان انعام یافتہ لوگوں کا ذکر قرآن مجید کی سورۃ نساء کی آیہ 69 میں موجود ہے ۔ اس آیہ مبارکہ کا ترجمہ یہ ہے
" اُن لوگوں کے ساتھ جن پر الله تعالی نے انعام کیا ۔ یعنی نبی ، صدیق ، شہید اور صالح اور ان کی رفاقت کیسی اچھی ہے "
نبی ۔۔۔ اس محترم شخصیت کو کہتے ہیں جسے الله تعالی نے اپنا پیغام بندوں تک پہنچانے کے لئے چُن لیا ہو ۔ نبی کی تعلیم میں کسی غلطی کا امکان نہیں ہوتا ۔ وہ ہر قسم کے گناہوں سے محفوظ اور معصوم ہوتا ہے ۔ بے شمار انبیاء علیھم السلام کی زندگی کے واقعات قرآن مجید میں کثرت سے بیان ہوئے ہیں ۔ نبیوں کی اس پاکیزہ جماعت کے سب سے بڑے سردار ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی الله علیہ وسلم ہیں ۔ آپ کی مبارک سیرت کی ایک ایک بات محفوظ ہے ۔ اور ہر بات کی پیروی ہماری زندگی میں کامیابی اورآخرت میں نجات کا باعث ہے ۔
صدیق ۔۔۔ انبیاء کے بعد دوسرے درجے پر ہیں ۔ یہ لوگ نبیوں کی تعلیمات کے ذریعے بڑے اُونچے مرتبہ پر پہنچتے ہیں ۔ جیسا کہ حضرت ابوبکر رضی الله عنہ صدیق اکبر کہلائے ۔
شھداء ۔۔۔ وہ بزرگ کہلاتے ہیں جن پر نبیوں کی تعلیم کا ایک خاص اثر پڑتا ہے ۔ ان کو ثواب اور الله کے وعدوں کا پورا یقین ہوتا ہے ۔ اور وہ یہاں تک آمادہ ہو جاتے ہیں کہ اپنی جان تک کی بازی لگا دیتے ہیں ۔ ان لوگوں کو الله تعالی ہمیشہ کی زندگی عطا فرما دیتا ہے ۔
صالحین ۔۔۔ وہ لوگ ہیں جو انبیاء کی پیروی ہر ممکن طریق سے کرتے ہیں ۔ یہ سبھی لوگ اپنے اپنے درجہ میں بعد میں آنے والوں کے لئے نمونہ کا کام دیتے ہیں ۔
الله تعالی نے اس آیہ مبارکہ میں فرمایا ۔ کہ سیدھی اور درست راہ وہی ہے ۔ جس پر یہ انعام یافتہ لوگ چلے ۔ انھی کے نقشِ قدم پر چل کر کامیابیاں حاصل ہوں گی ۔ ان شاء الله تعالی
درسِ قرآن ۔۔۔۔ مرتبہ درسِ قرآن بورڈ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں