*قبا میں تشریف آوری*
دو شنبہ آٹھ ربیع الاول 14 نبوت یعنی یکم ہجری بمطابق 23 ستمبر 622 ء کو رسول الله صلی الله علیہ وسلم قبا میں وارد ہوئے ۔ اس دن نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی عمر مبارک بغیر کمی بیشی کے ٹھیک ترپن سال ہوئی تھی ۔
حضرت عروہ بن زبیر رضی الله تعالی عنہ کا بیان ہے کہ مسلمانانِ مدینہ نے مکہ سے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی روانگی کی خبر سُن لی تھی ۔ اس لئے لوگ روزانہ صبح ہی صبح حرّہ کی طرف نکل جاتے ۔ اور آپ صلی الله علیہ وسلم کی راہ تکتے رہتے ۔ جب دوپہر کو دھوپ سخت ہوتی تو واپس آتے ۔ ایک روز طویل انتظار کے بعد لوگ اپنے اپنے گھروں کو پہنچ چکے تھے ۔ کہ ایک یہودی اپنے کسی ٹیلے پر کچھ دیکھنے کے لئے چڑھا ۔ کیا دیکھتا ہے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم اور آپ کے رفقاء سفید کپڑوں میں ملبوس - جن سے چاندنی چھٹک رہی تھی - تشریف لا رہے ہیں ۔ اس نے بے خود ہو کر نہایت بلند آواز میں کہا : " عرب کے لوگو ! یہ رہا تمہارا نصیب جس کا تم انتظار کر رہے تھے " یہ سنتے ہی مسلمان ہتھیاروں کی طرف دوڑ پڑے ( اور ہتھیار سج دھج کر استقبال کے لئے امنڈ پڑے ) ۔
ابن قیم کہتے ہیں کہ اس کے ساتھ ہی بنی عَمرو بن عوف ( ساکنانِ قبا ) میں شور بلند ہوا اور تکبیر سُنی گئی ۔ مسلمان آپ صلی الله علیہ وسلم کی آمد کی خوشی میں نعرۂ تکبیر بلند کرتے ہوئے استقبال کے لئے نکل پڑے ۔ پھر آپ صلی الله علیہ وسلم سے مل کر تحیّہ نبوت پیش کیا اور گردو پیش پروانوں کی طرح جمع ہو گئے ۔ اس وقت آپ صلی الله علیہ وسلم پر سکینت چھائی ہوئی تھی ۔ اور یہ وحی نازل ہو رہی تھی ۔
فَإِنَّ اللَّهَ هُوَ مَوْلَاهُ وَجِبْرِيلُ وَصَالِحُ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمَلَائِكَةُ بَعْدَ ذَلِكَ ظَهِيرٌ
سورۃ التحریم آیہ -4
الله آپ کا مولٰی ہے اور جبرائیل علیہ السلام اور صالح مؤمنین بھی اور اس کے بعد فرشتے آپ کے مدد گار ہیں ۔
حضرت عروہ بن زبیر رضی الله عنہ کا بیان ہے کہ لوگوں سے ملنے کے بعد آپ ان کے ساتھ داہنی طرف مڑے ۔ اور بنی عمرو بن عوف میں تشریف لائے ۔ یہ دو شنبہ کا دن اور ربیع الاول کا مہینہ تھا ۔ ابو بکر رضی الله تعالی عنہ آنے والوں کے استقبال کے لئے کھڑے تھے ۔ اور رسول الله صلی الله علیہ وسلم چپ چاپ بیٹھے تھے ۔ جنہوں نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو دیکھا نہ تھا وہ سیدھے ابوبکر رضی الله عنہ کو سلام کرتے ۔ یہاں تک کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم پر دھوپ آگئی ۔ اور ابوبکر رضی الله عنہ نے چادر تان کر آپ صلی الله علیہ وسلم پر سایہ کر دیا تب لوگوں نے پہچانا کہ یہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم ہیں ۔
آپ صلی الله علیہ وسلم کے استقبال اور دیدار کے لئے سارا مدینہ اُمنڈ پڑا ۔ یہ ایک تاریخی دن تھا جس کی نظیر سر زمینِ مدینہ نے کبھی نہ دیکھی تھی ۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے مدینہ میں کلثوم بن ہدم کے مکان میں قیام فرمایا
ادھر حضرت علی بن ابی طالب رضی الله تعالی عنہ نے مکہ میں تین دن ٹہر کر اور لوگوں کی جو امانتیں رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے پاس تھیں۔ ادا کر کے پیدل ہی مدینہ کا رُخ کیا ۔ اور قبا میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم سے آ ملے ۔ اور کلثوم بن ہدم کے یہاں قیام فرمایا ۔
===========>جاری ھے..
سیرت المصطفیٰ.. مولانا محمد ادریس کاندہلوی..
الرحیق المختوم .. مولانا صفی الرحمن مبارکپوری..
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں