*حضرت ابراھیم علیہ السلام کی قیادت و امامت*

وَإِذِ ۔۔۔۔ ابْتَلَى ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ إِبْرَاهِيمَ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ رَبُّهُ 
اور جب ۔۔ آزمایا ۔۔۔  ابراھیم علیہ السلام ۔۔ اس کا رب 
بِكَلِمَاتٍ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔   فَأَتَمَّهُنَّ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ قَالَ 
کئی باتوں میں ۔۔۔ پس پورا کر دیا اس نے اُن کو ۔۔۔ فرمایا
إِنِّي۔۔۔۔۔۔۔۔  جَاعِلُكَ ۔۔۔۔۔۔۔۔ لِلنَّاسِ ۔۔۔۔۔إِمَامًا
بے شک میں ۔۔۔ بنانے والا ہوں تجھ کو ۔۔۔ لوگوں کے لئے ۔۔۔ امام 

وَإِذِ ابْتَلَى إِبْرَاهِيمَ رَبُّهُ بِكَلِمَاتٍ فَأَتَمَّهُنَّ قَالَ إِنِّي جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ إِمَامًا

اور جب ابراھیم علیہ السلام کو آزمایا اُس کے رب نے کئی باتوں میں پھر اُس نے وہ پوری کیں۔ تب فرمایا بے شک میں تجھے سب لوگوں کا پیشوا بناؤں گا ۔

اِبْرَاھِیْمُ ۔ ( ابراھیم ) ۔  اس جلیل القدر نبی کے نام سے ہر شخص واقف ہے ۔ آپ ہمارے رسول صلی الله علیہ وسلم کے جد امجد تھے ۔ حضرت ابراھیم علیہ السلام کا وطن بابل تھا ۔ اور باپ کانام آزر تھا ۔ان کی نسل سے دو سلسلے چلے ۔ ایک ان کے بیٹے حضرت اسحاق علیہ السلام کی اولاد سے اور دوسرا حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد سے ۔ 
پہلے سلسلے کے نبیوں کو اسرائیلی انبیاء کہا جاتا ہے ۔ جن میں حضرت سلیمان ، داوود ، موسٰی اور عیسٰی علیھم السلام وغیرھم شامل ہیں ۔ دوسرے خاندان میں ہمارے نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی الله علیہ وسلم مبعوث ہوئے ۔ 
حضرت ابراھیم علیہ السلام کو جد انبیاء کہا جاتا ہے ۔ مسلمانوں کے علاوہ عیسائی یہودی سبھی ان کی عزت کرتے ہیں ۔ 
اِذَا ابتَلٰی ۔ ( جب آزمایا ) ۔ یہ لفظ بلیہ سے نکلا ہے ۔ اس کے معنی مصیبت اور آزمائش کے ہوتے ہیں ۔ الله تعالی نے اپنے اس بزرگ نبی کو کئی طریقوں سے آزمایا ۔ مثلا بُت پرست اور بُت گر باپ نے گھر سے نکالنے کی دھمکی دی ۔ قوم نے جلا وطن کرنے کا ڈراوا دیا ۔ بادشاہ نے آگ میں ڈال دیا ۔ مگر وہ اسلام سے باز نہ آئے ۔ اور حق پر قائم رہے ۔ پھر الله تعالی نے بیوی بچے کو جنگل میں چھوڑ آنے اور بچے کو قربان کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے اس حکم کو بھی پورا کر دکھایا ۔ ان کے علاوہ اور بھی کئی امتحان ہوئے اور وہ ہر ایک میں کامیاب رہے ۔ 
اِمَاماً ۔ ( پیشوا ۔ امام ) ۔ حضرت ابراھیم علیہ السلام کی یہ امامت فقط روحانی اور مذہبی پیشوائی نہ تھی ۔ بلکہ الله تعالی نے انہیں سیاسی طور پر بھی سرفرازی اور برتری عطا فرمائی ۔ وہ اپنے زمانے میں واقعی سردار اور پیشوا بنے ۔ لوگوں نے ان کی پیشوائی تسلیم کی ۔

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

آیت الحجاب

 آیۃ الحجاب سورۂ احزاب کی آیت نمبر 53 آیتِ حجاب کہلاتی ہے۔  اس کا آغاز  ﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النّ...

پسندیدہ تحریریں