*مزید سزائیں*

وَلَا يُكَلِّمُهُمُ ۔۔۔اللَّهُ ۔۔۔ يَوْمَ ۔۔۔ الْقِيَامَةِ
اور نہیں کلام کرے گااُن سے ۔۔۔ الله تعالی ۔۔ دن ۔۔۔ قیامت 
وَلَا يُزَكِّيهِمْ ۔۔۔وَلَهُمْ ۔۔۔عَذَابٌ ۔۔۔۔ أَلِيمٌ۔ 4️⃣ 1️⃣7️⃣
اورنہیں پاک کرے گا ان کو ۔۔ اور ان کے لئے ۔۔۔ عذاب ۔۔ دردناک

وَلَا يُكَلِّمُهُمُ اللَّهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَلَا يُزَكِّيهِمْ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ.  1️⃣7️⃣4️⃣

اور قیامت کے دن الله تعالی ان سے بات نہیں کرے گا  اور نہ انہیں پاک کرے گا اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے 

پچھلے سبق میں ان عالموں کا ذکر کیا گیا جو حق کو چھپاتے ہیں ۔ الله کے احکام کو بدل کر اپنی یا دوسروں کی کی مرضی کے مطابق پیش کرتے ہیں ۔عارضی فائدوں کے لئے اور دنیاوی لالچ میں آکر سیدھی راہ سے ہٹ جاتے ہیں ۔دوسروں کو گمراہ کرتے ہیں ۔ان کا انجام یہ بتایا گیا تھا کہ مال ودولت نہیں بلکہ اپنے پیٹ میں آگ بھر رہے ہیں ۔ اب الله تعالی نے ان کے لئے مزید تین سزائیں بیان فرمائی ہیں ۔
اوّل ۔۔۔ یہ کہ قیامت کے روز الله تعالی ان سے خطاب نہیں کرے گا ۔ اس طرح یہ برے علماء الله تعالی کی رحمت اور شفقت سے محروم رہیں گے ۔ خالق کائنات اور قیامت کے دن کا مالک ان کی طرف سے رُخ پھیر لے گا ۔ یہ اس کی رحمت سے محرومی اور غصے کا اظہار ہو گا ۔ 
دوم ۔۔۔ وہ گناہوں سے کبھی پاک نہ ہو سکیں گے ۔ الله تعالی انہیں گناہوں کی پاداش میں دوزخ میں ڈالے گا ۔ اور انہیں تزکیہ اور اصلاح میسر نہ ہو گی ۔ نہ ان کے گناہ جھڑیں گے نہ وہ پاک ہوں گے اور نہ جنت میں داخل ہو سکیں گے ۔ 
سوم ۔۔۔ ان کے لئے دردناک عذاب ہو گا ۔ نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی اور روحانی بھی ۔ اور اس مصیبت سے انہیں کبھی نجات نہ ملے گی ۔ 
الله جل شانہ عذاب سے بچائے ۔ اور اپنی پناہ میں رکھے ۔
اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ حق بات کو چھپانا ، سچ کو ظاہر نہ کرنا ، سچ باتوں کی غلط تعبیر کرنا اور الله جل شانہ کے احکام کو غلط رنگ میں ظاہر کرنا کتنا بڑا جُرم ہے ۔ جس کی اتنی سزائیں ہیں ۔ یہ اس لئے اتنا بڑا گناہ ہے کہ اس سے قوم کی قوم تباہ ہو جاتی ہے ۔ اور سیدھی راہ سے ہٹ کر گمراہی کے تاریک گڑھے میں جا گرتی ہے ۔ 
ایک طرف حق گوئی اور بے باکی سب سے اعلی صفات ہیں تو دوسری طرف دروغ گوئی ( جھوٹ بولنا ) اور مداہنت ( حق کو چھپانا ) بد ترین اخلاقی جرم ہیں ۔ 
اور آنحضرت صلی الله علیہ وسلم نے ظالم حکمران کے سامنے حق بات بیان کرنے کو جہاد سے تعبیر فرمایا ہے ۔ 
درس قرآن ۔۔۔ مرتبہ درس قرآن بورڈ 

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

آیت الحجاب

 آیۃ الحجاب سورۂ احزاب کی آیت نمبر 53 آیتِ حجاب کہلاتی ہے۔  اس کا آغاز  ﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النّ...

پسندیدہ تحریریں