مشرک سے نکاح کا حکم ۔۔۔ متعلق آیہ ۲۲۱

مشرک سے نکاح کا حکم

پہلے مسلمان مرد اور کافر عورت یا کافر مرد اور مسلمان عورت دونوں صورتوں میں نکاح کی اجازت تھی ۔ اس آیت سے اس کو منسوخ کردیا گیا ۔ اگر مرد یا عورت مشرک ہو تو اس کا نکاح مسلمان سے درست نہیں یا نکاح کے بعد ایک مشرک ہو گیا تو نکاح ٹوٹ جائے گا ۔ اور شرک یہ ہے کہ الله تعالی کی صفات علم ، قدرت یا کسی اور میں کسی کو الله کے برابر سمجھے ۔ یا الله تعالی کی مانند کسی کی تعظیم کرنے لگے ۔ مثلا کسی کو سجدہ کرے یا کسی کو مختار سمجھ کر اُس سے اپنی حاجت مانگے ۔ 
باقی اتنی بات دیگر آیات سے معلوم ہوئی کہ یہود و نصارٰی کی عورتوں سے مسلمان مرد کا نکاح درست ہے وہ ان مشرکین میں داخل نہیں ۔ بشرطیکہ وہ اپنے دین پر قائم ہوں دہریہ اور ملحد نہ ہوں ۔ جیسے کہ آجکل کے نصارٰی اکثر نظر آتے ہیں ۔ ایک الله کو ماننے والے ہوں ۔ 
خلاصہ تمام آیت کا یہ ہے کہ مسلمان مرد کو مشرک عورت سے نکاح کرنا درست نہیں ۔ جبتک کہ وہ مسلمان نہ ہو جائے ۔ اور مسلمان لونڈی کافر آزاد عورت سے بہتر ہے ۔ اگرچہ مال ، جمال یا شرافت کی وجہ سے وہ تمہیں پسند آئے ۔ اور اسی طرح مسلمان عورت کا نکاح مشرک مرد سے نہ کرو ۔ مسلمان غلام بھی مشرک  سے بہت بہتر ہے اگرچہ وہ مشرک آزاد ہی کیوں نہ ہو اور اپنے مال و دولت شکل و صورت اور مرتبے کی بدولت تمہیں پسند ہو ۔ 
یعنی مسلمان ادنٰی سے ادنٰی بھی مشرک سے بہت افضل ہے اگرچہ وہ اعلی سے اعلی ہی کیوں نہ ہو ۔ 
کیونکہ مشرکین اور مشرکات جن کا ذکر ہوا ہے اُن کے اقوال ، اُن کے افعال ، اُن کی محبت  ، اُن کے ساتھ اختلاط کرنا ، ملنا جلنا شرک کی نفرت اور اس کی برائی کو دل سے کم کرتا ہے اور شرک کی طرف رغبت اور محبت کا باعث ہوتا ہے ۔ جس کا انجام دوزخ ہے ۔ اس لئے ایسوں سے نکاح کرنے سے مکمل اجتناب ضروری ہے ۔ 
تفسیر عثمانی ۔ 

علماء نے لکھا ہے کہ شوہر اگر پہلے سے مسلمان ہے اور الله نہ کرے  بعد میں مرتد ہو گیا تو مسلمان عورت اسی وقت اس کے نکاح سے باہر ہو جائے گی ۔ جو نکاح ابھی تک صحیح اور قائم تھا فورا ٹوٹ جائے گا ۔ یہ عورت عدّت پوری کرکے کسی مسلمان مرد سے نکاح کر سکتی ہے ۔ اور یہ بھی لکھا ہے کہ اگر میاں بیوی پہلے سے کافر ہیں اور عورت مسلمان ہو گئی تو اب نکاح کے باقی رہنے کی کوئی صورت نہیں  سوائے اس کے کہ شوہر بھی اسلام قبول کرلے ۔
درس قرآن ۔۔۔ مرتبہ درس قرآن 

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

آیت الحجاب

 آیۃ الحجاب سورۂ احزاب کی آیت نمبر 53 آیتِ حجاب کہلاتی ہے۔  اس کا آغاز  ﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النّ...

پسندیدہ تحریریں