احتساب قادیانیت

"احتساب قادیانیت"


"ختم نبوت کورس" 


سبق نمبر 4 


"عقیدہ ختم نبوت ازروئے اجماع صحابہ رضی اللہ عنہ و اجماع امت"


عقیدہ ختم نبوت جس طرح قرآن پاک کی آیات اور احادیث مبارکہ سے ثابت ہے اسی طرح عقیدہ ختم نبوت صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین اور امت محمدیہ کے اجماع سے بھی ثابت ہے۔ جس طرح کسی بھی مسئلے پر قرآن اور حدیث بطور دلیل ہیں۔ اسی طرح صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کا اجماع یا امت کا اجماع بھی کسی مسئلے پر دلیل ہیں۔ 


آیئے پہلے اجماع کی حقیقت اور اہمیت دیکھتے ہیں اور پھر عقیدہ ختم نبوت پر صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کا اجماع اور امت کا اجماع دیکھتے ہیں۔ 


"اجماع کی حقیقت" 


اللہ تعالٰی نے ہمارے آقا و مولی سیدنا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو جو بےشمار انعامات دیئے ہیں ان میں سے ایک انعام "اجماع امت" بھی ہے۔ 


اجماع کی حقیقت یہ ہے کہ اگر کسی مسئلے کے حکم پر امت کے علماء مجتہدین اتفاق کرلیں تو اس مسئلے پر عمل کرنا بھی اسی طرح واجب ہوجاتا ہے۔ جس طرح قرآن اور احادیث پر عمل کرنا واجب ہے۔ 


چونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی نئے نبی نے نہیں آنا تھا ۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی ایسی ہستی امت میں موجود نہیں تھی جس کے حکم کو غلطی سے پاک اور اللہ تعالٰی کی طرف سے سمجھا جائے ۔ اس لئے اللہ تعالٰی نے امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کے علماء مجتہدین کے اجتہاد کو یہ درجہ دیا کہ ساری امت کے علماء مجتہدین کسی چیز کے اچھے یا برے ہونے پر متفق ہوجایئں وہ اس بات کی علامت ہے کہ وہ چیز اللہ تعالٰی کے ہاں بھی ایسی ہی ہے جیسے اس امت کے علماء مجتہدین نے سمجھا ہے۔


اسی بات کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے۔ 


"عن أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ، يَقُولُ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ:  إِنَّ أُمَّتِي لَنْ تَجْتَمِعُ عَلَى ضَلَالَةٍ، فَإِذَا رَأَيْتُمُ اخْتِلَافًا فَعَلَيْكُمْ بِالسَّوَادِ الْأَعْظَمِ "


"حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا۔  میری امت گمراہی پر کبھی جمع نہ ہو گی، لہٰذا جب تم اختلاف دیکھو تو سواد اعظم ( یعنی بڑی جماعت ) کو لازم پکڑو"


(ابن ماجہ حدیث نمبر  3950) 


اصول کی کتابوں میں اجماع امت کے حجت شرعیہ ہونے اور اس کے لوازمات اور شرائط کے بارے میں مفصل بحثیں موجود ہیں۔ جن کا خلاصہ یہ ہے کہ احکام شرعیہ کی حجتوں میں قرآن اور حدیث کے بعد تیسرے نمبر پر اجماع کو رکھا گیا ہے۔ 


اور جس مسئلے پر صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کا اجماع ہوجائے تو وہ اسی طرح قطعی اور یقینی ہے جس طرح کسی مسئلے پر قرآن کی آیات قطعی اور یقینی ہیں۔ 


چنانچہ علامہ ابن تیمیہ رح لکھتے ہیں کہ 


"واجماعھم حجتہ قاطعتہ یجب اتباعھا بل ھی اوکد الحجج وھی مقدمتہ علی غیرھا ولیس ھذا موضع تقریر ذلک فان ھذا الاصل مقرر فی موضعہ ولیس فیہ بین الفقھاء ولا بین سائر المسلمین الذین ھم المومنون خلاف" 


"اجماع صحابہ حجت قطعیہ ہے بلکہ اس کا اتباع فرض ہے۔ بلکہ وہ تمام شرعی حجتوں میں سب سے زیادہ موکد اور سب سے زیادہ مقدم ہے ۔ یہ موقع اس بحث کا نہیں ۔ کیونکہ ایسے مواقع (یعنی اصول کی کتابوں میں ) یہ بات اہل علم کے اتفاق سے ثابت ہوچکی ہے۔ اور اس میں تمام فقہاء اور تمام مسلمانوں میں جو واقعی مسلمان ہیں کسی کا اختلاف نہیں "


(اقامتہ الدلیل جلد 3 صفحہ 130) 


"عقیدہ ختم نبوت پر صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کا اجماع"


اسلامی تاریخ میں یہ بات حد تواتر کو پہنچ چکی ہے کہ مسیلمہ کذاب نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں نبوت کا دعوی کیا اور ایک بڑی جماعت نے اس کے دعوی نبوت کو تسلیم بھی کر لیا۔ 


ایک دفعہ مسیلمہ کذاب کا ایلچی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے مسیلمہ کذاب کے دعوی کے بارے میں پوچھا تو ایلچی نے کہا کہ میں مسیلمہ کذاب کو اسکے تمام دعووں میں سچا سمجھتا ہوں۔ تو جواب میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تو ایلچی نہ ہوتا تو میں تمہیں قتل کروادیتا۔ 


کچھ عرصے بعد ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے اس مسیلمہ کذاب کے ایلچی کو ایک مسجد میں دیکھا تو اس کو قتل کروادیا۔


حدیث کے الفاظ اور ترجمہ ملاحظہ فرمائیں ۔ 


عَنْ أَبِيهِ نُعَيْمٍ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ لَهُمَا حِينَ قَرَأَ كِتَابَ مُسَيْلِمَةَ:   مَا تَقُولَانِ أَنْتُمَا ؟ قَالَا: نَقُولُ كَمَا قَالَ، قَالَ: أَمَا وَاللَّهِ لَوْلَا أَنَّ الرُّسُلَ لَا تُقْتَلُ لَضَرَبْتُ أَعْنَاقَكُمَا ۔ 


میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جس وقت آپ نے مسیلمہ کا خط پڑھا اس کے دونوں ایلچیوں سے کہتے سنا: تم دونوں مسیلمہ کے بارے میں کیا کہتے ہو؟ ان دونوں نے کہا: ہم وہی کہتے ہیں جو مسیلمہ نے کہا ہے ، ( یعنی اس کی تصدیق کرتے ہیں ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر یہ نہ ہوتا کہ سفیر قتل نہ کئے جائیں تو میں تم دونوں کی گردن مار دیتا ۔ 


(ابوداؤد شریف حدیث نمبر 2761) 


مسیلمہ کذاب کے ایلچی کو عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے قتل کروایا ۔ یہ واقعہ درج ذیل روایت میں ہے۔ 


"حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ كَثِيرٍ، أَخْبَرَنَا سُفْيَانُ، عَنْ أَبِي إِسْحَاق، عَنْ حَارِثَةَ بْنِ مُضَرِّبٍ، أَنَّهُ أَتَى عَبْدَ اللَّهِ، فَقَالَ: مَا بَيْنِي وَبَيْنَ أَحَدٍ مِنْ الْعَرَبِ حِنَةٌ، وَإِنِّي مَرَرْتُ بِمَسْجِدٍ لِبَنِي حَنِيفَةَ فَإِذَا هُمْ يُؤْمِنُونَ بِمُسَيْلِمَةَ، فَأَرْسَلَ إِلَيْهِمْ عَبْدَ اللَّهِفَجِيءَ بِهِمْ فَاسْتَتَابَهُمْ غَيْرَ ابْنِ النَّوَّاحَةِ، قَالَ لَهُ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ:   لَوْلَا أَنَّكَ رَسُولٌ لَضَرَبْتُ عُنُقَكَ فَأَنْتَ الْيَوْمَ لَسْتَ بِرَسُولٍ، فَأَمَرَ قَرَظَةَ بْنَ كَعْبٍ فَضَرَبَ عُنُقَهُ فِي السُّوقِ، ثُمَّ قَالَ: مَنْ أَرَادَ أَنْ يَنْظُرَ إِلَى ابْنِ النَّوَّاحَةِ قَتِيلًا بِالسُّوقِ "


"انہوں نے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس آ کر کہا: میرے اور کسی عرب کے بیچ کوئی عداوت و دشمنی نہیں ہے، میں قبیلہ بنو حنیفہ کی ایک مسجد سے گزرا تو لوگوں کو دیکھا کہ وہ مسیلمہ پر ایمان لے آئے ہیں، یہ سن کر عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے ان لوگوں کو بلا بھیجا، وہ ان کے پاس لائے گئے تو انہوں نے ابن نواحہ کے علاوہ سب سے توبہ کرنے کو کہا، اور ابن نواحہ سے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: اگر تو ایلچی نہ ہوتا تو میں تیری گردن مار دیتا آج تو ایلچی نہیں ہے ۔ پھر انہوں نے قرظہ بن کعب کو حکم دیا تو انہوں نے بازار میں اس کی گردن مار دی، اس کے بعد عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: جو شخص ابن نواحہ کو دیکھنا چاہے وہ بازار میں جا کر دیکھ لے وہ مرا پڑا ہے"


(ابوداؤد شریف حدیث نمبر 2762) 


جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئ تو اس کے بعد بہت سے فتنوں نے سراٹھایا جن میں منکرین زکوۃ کا فتنہ بھی تھا ۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین نے منکرین زکوۃ کے خلاف بھی جہاد کیا لیکن جہاد کرنے سے پہلے اس پر بحث و مباحثہ بھی ہوا کہ منکرین زکوۃ کے خلاف جہاد کیا جائے یا جہاد نہ کیا جائے ۔ جب صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین متفق ہوگئے تو پھر منکرین زکوۃ کے خلاف جہاد ہوا۔ 


لیکن جب مسیلمہ کذاب کے خلاف حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جہاد کا حکم دیا تو کسی ایک صحابی نے یہ نہیں کہا کہ وہ کلمہ گو ہے اس کے خلاف جہاد نہیں ہونا چاہئے ۔ بلکہ تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین نے مسیلمہ کذاب اور اس کے پیروکاروں کو کفار سمجھ کر کفار کی طرح ان سے جہاد کیا۔ اور مسیلمہ کذاب کو قتل کرنے کی وجہ صرف اس کا دعوی نبوت تھا کیونکہ ابن خلدون کے مطابق صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کو اس کی دوسری گھناونی حرکات کا علم اس کے مرنے کے بعد ہوا۔ 

اور یہی صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کا عقیدہ ختم نبوت پر اجماع ہے۔ 


"عقیدہ ختم نبوت پر اجماع امت "


عقیدہ ختم نبوت پر اجماع امت کے چند حوالے ملاحظہ فرمائیں ۔ 


حوالہ نمبر 1 


ملا علی قاری رح لکھتے ہیں۔ 


"دعوی النبوۃ بعد نبینا صلی اللہ علیہ وسلم کفرابالاجماع" 


ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد نبوت کا دعوی کرنے والا امت کے اجماع سے کافر ہے۔ 


(شرح فقہ الاکبر صفحہ 202) 


حوالہ نمبر 2 


امام غزالی رح نے لکھا ہے کہ 


"ان الامتہ فھمت بالاجماع من ھذا الفظ 

ومن قرائن احوالہ انہ افھم عدم نبی بعدہ ابدا۔ 

وانہ لیس فیہ تاویل ولا تخصیص فمنکر ھذا لایکون الا منکرالاجماع"


"بیشک امت نے بالاجماع اس لفظ (خاتم النبیین ) سے یہ سمجھا ہے کہ اس کا مفہوم یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد نہ کوئی نبی ہوگا اور نہ کوئی رسول ہوگا۔ اور اس پر اجماع ہے کہ اس لفظ میں کوئی تاویل و تخصیص نہیں ۔ پس اس کا منکر یقینا اجماع امت کا منکر ہے"


(الاقتصاد فی الاعتقاد صفحہ 123) 


حوالہ نمبر 3 


علامہ آلوسی رح ختم نبوت پر امت کےاجماع کے بارے میں لکھتے ہیں کہ 


"ویکون صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین مما نطقت بہ الکتاب وصدعت بہ السنتہ واجمعت علیہ الامتہ فیکفر مدعی خلافہ ویقتل ان اصر" 


"آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا خاتم النبیین ہونا ان مسائل میں سے ہے جس پر کتاب(قرآن)ناطق ہے اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اس کو بوضاحت بیان کرتی ہیں۔ اور تمام امت کا اس پر اجماع ہے۔ پس اس کے خلاف کا مدعی کافر ہے اگر وہ توبہ نہ کرے تو قتل کر دیا جائے"


(روح المعانی جلد 22 صفحہ 39) 


حوالہ نمبر 4 


قاضی عیاض رح نے خلیفہ عبدالملک بن مروان کے دور کا ایک واقعہ نقل کیا ہے کہ اس کے دور میں ایک شخص نے نبوت کا دعوی کیا ۔ تو خلیفہ نے وقت کے علماء جو تابعین میں سے تھے ان کے فتوی سے اس کو قتل کروادیا ۔ قاضی صاحب اس واقعہ کو نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں کہ 


"وفعل ذالک غیر واحد من الخلفاء والملوک باشباھھم واجمع علماء وقتھم علی صواب فعلھم والمخالف فی ذالک من کفرھم کافر "


"اور بہت سے خلفاء سلاطین نے ان جیسے مدعیان نبوت کے ساتھ یہی معاملہ کیا ہے ۔ اور اس زمانے کے علماء نے ان سے اس فعل کے درست ہونے پر اجماع کیا ہے۔ اور جو شخص ایسے مدعیان نبوت کو کافر نہ کہے وہ خود کافر ہے" 


(شفاء جلد 2 صفحہ 257،258) 


عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں قرآن ،حدیث اور اجماع امت کی بحث کا خلاصہ درج ذیل ہے۔ 


1۔ عقیدہ ختم نبوت قرآن پاک کی 99 آیات سے ثابت ہے۔

2۔ عقیدہ ختم نبوت 210 سے زائد احادیث سے ثابت ہے۔

3۔ عقیدہ ختم نبوت تواتر سے ثابت ہے۔

4۔ عقیدہ ختم نبوت صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کے اجماع اور امت کے اجماع سے بھی ثابت ہے۔

5۔ مسئلہ ختم نبوت پر امت کا سب سے پہلا اجماع منعقد ہوا۔ 

6۔ عقیدہ ختم نبوت کی وجہ سے قرآن پاک کی حفاظت کا اللہ تعالٰی نےوعدہ فرمایا۔

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

آیت الحجاب

 آیۃ الحجاب سورۂ احزاب کی آیت نمبر 53 آیتِ حجاب کہلاتی ہے۔  اس کا آغاز  ﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النّ...

پسندیدہ تحریریں