أُولَئِكَ ۔ الَّذِينَ ۔ اشْتَرَوُا ۔ الضَّلَالَةَ ۔ بِالْهُدَى ۔
یہی لوگ ۔ وہ لوگ ۔ خریدا انہوں نے ۔ گمراہی کو ۔ بدلے ہدایت کے
فَمَا ۔ رَبِحَت ۔ تِّجَارَتُهُمْ ۔ وَمَا ۔ كَانُوا ۔ مُهْتَدِينَ۔ 1️⃣6️⃣
پس نہ ۔ سود مند ہوئی ۔ تجارت ان کی ۔ اور نہ ۔ ہوئے وہ ۔ ہدایت پانے والے ۔
أُولَئِكَ الَّذِينَ اشْتَرَوُا الضَّلَالَةَ بِالْهُدَى فَمَا رَبِحَت تِّجَارَتُهُمْ وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ۔ 1️⃣6️⃣
یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے گمراہی مول لی ہدایت کے بدلے ۔ پس نہ تو اُن کی تجارت فائدہ مند ہوئی اور نہ ہی وہ ہدایت پانے والے ہوئے ۔
اِشْتَرَوْا ۔ ۔۔ انہوں نے خرید لی ۔ ایک چیز کے بدلے دوسری چیز لے لینا ۔ یہ لفظ خریدنے اور بیچنے دونوں کے لئے آتا ہے ۔ ایمان کا قبول کر لینا منافقین کے اختیار میں تھا ۔ لیکن اس کے بجائے انہوں نے کفر اور منافقت کی روش اختیار کی ۔
مَا رَبِحَتْ ۔۔۔ سود مند نہ ہوئی ۔ یہ لفظ ربح سے بنا ہے جس کے معنی ہیں نفع ۔ فائدہ ۔
اس سبق میں نفاق کا انجام بتایا گیا ہے ۔ کہ ان لوگوں نے ہدایت چھوڑ کر گمراہی اختیار کر لی ۔ یعنی انسانیت کی جو خوبی ہر شخص کے لئے الله تعالی کی طرف سے ہدایت کا ذریعہ ہے ۔ جس کی وجہ سے ہر انسان نیکی اور ہمیشہ کا آرام حاصل کر سکتا ہے ۔ ان منافقوں نے اس نورِ انسانیت کو بجھا دیا ۔ اور جو ہدایت انہیں حاصل کرنا چاہیے تھی ۔ اس کو نظر انداز کر کے اپنے اندر بُرے اخلاق اور غلط عادتیں پیدا کر لیں ۔ اور اپنے دل میں یہ خیال کیا کہ ہم نے یہ سودا بڑا اچھا کیا ہے ۔ منہ سے توحید کا کلمہ کہہ دیا اور دل میں کفر رکھا ۔ اورخوش ہوتے رہے کہ اس سے زیادہ نفع والی تجارت اور کیا ہو سکتی ہے
الله تعالی فرماتا ہے کہ اس تجارت میں انہیں کوئی فائدہ نہ ہوا ۔ انہوں نے اپنی ساری عمر لگا کر صرف دُنیا کے ضائع ہو جانے والے عارضی اور نفسانی فائدے حاصل کر لئے ۔ تجارت یہ تھی کہ اپنی جان ومال کو الله تعالی کی راہ میں خرچ کر کے ہمیشہ رہنے والی زندگی کا آرام حاصل کرتے ۔ لیکن انہوں نے اصل سرمائے کو بھی ضائع کر دیا ۔
منافقین کی یہ گمراہی اور گھاٹا اُن کے اپنے اعمال کا نتیجہ ہے ۔ جن کا ذکر اس سے پہلی آیات میں گزر چکا ہے کہ وہ وہ زبان سے الله تعالی اور آخرت پر ایمان لاتے ہیں ۔ دل سے نہیں مانتے ۔ مومنوں اور الله تعالی کو دھوکا دینا چاہتے ہیں ۔ اُن کے دل میں کفر و نفاق کا مرض ہے ۔ وہ اصلاح کے نام سے فساد برپا کرتے ہیں ۔ مخلص اور صاحبِ ایمان لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں ۔ انہیں ایمان اور تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔ لیکن جب اپنے بدکردار ساتھیوں اور سرداروں کے پاس جاتے ہیں تو اُن کے ساتھ ہو جاتے ہیں ۔
درس قرآن ۔۔۔۔ مرتبہ درس قرآن بورڈ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں