*رمضان کی فضیلت*

شَهْرُ ۔۔۔ رَمَضَانَ ۔۔۔ الَّذِي ۔۔۔ أُنزِلَ ۔۔۔ فِيهِ ۔۔۔ الْقُرْآنُ
مہینہ ۔۔۔ رمضان ۔۔ وہ جو ۔۔ اتارا گیا ۔۔ اس میں ۔۔ قرآن 

شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ

رَمَضَان۔ ( ماہ رمضان ) ۔ یہ لفظ رمض سے نکلا ہے ۔ جس کے معنی دھوپ اور گرمی کی شدت کے ہیں ۔ یہ اسلامی سال کے نویں مہینے کا نام ہے ۔ اسلامی سال شمسی نظام کے بجائے قمری نظام سے چلتا ہے ۔ اور چاند کے مہینے مختلف موسموں میں بدل بدل کر آتے ہیں ۔ اس لئے ماہ رمضان بھی مختلف موسموں میں آتا ہے ۔ اور روزہ دار کو ہر قسم کے موسم میں روزہ رکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ 
الله تعالی نے اس آیت میں رمضان المبارک میں روزے مقرر کرنے کی خصوصیت اور وجہ بیان کی ہے ۔ اور وہ ہے اس ماہ مقدس میں نزول قرآن ۔ 
قرآن مجید یوں تو تھوڑا تھوڑا کرکے نازل ہوا اور تئیس سال کے عرصے میں مکمل ہوا ۔ لیکن اس کی ابتداء اس مقدس مہینے رمضان سے ہوئی ۔ سب سے پہلے سورۃ علق کی ابتدائی پانچ آیات حضور کریم صلی الله علیہ وسلم پر غار حرا میں اس ماہ میں نازل ہوئی تھیں ۔ 
احادیث مبارکہ میں یہ بھی آیا ہے کہ " لیلۃ القدر" میں  پورا قرآن مجید لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر اترا ۔ اور پھر تھوڑا تھوڑا کرکے آنحضرت صلی الله علیہ وسلم پر نازل ہوتا رہا ۔ لیلۃ القدر " رمضان المبارک کی ایک بابرکت رات ہے اور کلام الله میں اس رات کو ہزار مہینوں سے افضل بیان کیا گیا ہے ۔ 
احادیث میں یہ بھی آیا ہے کہ سال میں جس قدر قرآن مجید نازل ہو چکا ہوتا رمضان المبارک میں جبرائیل امین آکر آپ صلی الله علیہ وسلم کو سنا جاتے ۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے وصال کے سال جبرائیل امین نے آپ صلی الله علیہ وسلم کو پورا قرآن مجید سنایا اور آپ صلی الله علیہ وسلم نے سنا ۔ 
رمضان المبارک میں الله سبحانہ وتعالی کا کلام نازل ہوا تو الله تعالی نے اس کی فضیلت برقرار رکھنے کے اس میں روزے فرض کر دئیے ۔ کلام الله نوع انسانی کی زندگی کے لئے مکمل ھدایت نامہ ہے ۔ اور رمضان کے روزے زندگی کو پاکیزہ بنانے کا ذریعہ ہیں ۔ 
مبارک ہیں جو رمضان پائیں اور اپنی زندگیوں کو پاکیزہ بنا کر متقین کی فہرست میں شامل ہو جائیں ۔ 
درس قرآن ۔۔۔ مرتبہ درس قرآن بورڈ 

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

آیت الحجاب

 آیۃ الحجاب سورۂ احزاب کی آیت نمبر 53 آیتِ حجاب کہلاتی ہے۔  اس کا آغاز  ﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَدْخُلُوْا بُيُوْتَ النّ...

پسندیدہ تحریریں