#عم_یتساءلون
#سورۃ_النبإ
آیة:13,12
7۔ وَبَنَيْنَا فَوْقَكُمْ سَبْعًا شِدَادًا 1️⃣2️⃣
اور ہم نے ہی تمہارے اوپر سات مضبوط وجود (آسمان) تعمیر کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
اس آیت میں بھی الله تعالی اپنی قدرتِ کاملہ کا اظہار کر رہے ہیں کہ ہم نے تمہارے لیے سات مضبوط آسمان بنا دئیے۔ آسمان کی یہ چھت الله تعالی کی عظیم الشان نعمت ہے جو بغیر کسی ستون کے مدت سے قائم ہے۔ لاکھوں کروڑوں سال گزرنے کے باوجود نہ تو پرانی ہوئی ، نہ اس میں کہیں کوئی سوراخ ہوا ۔
سوال : آسمان سقف یعنی چھت ہے اس کے لیے بنینا کا لفظ کیوں استعمال کیا گیا؟
جواب : اس سے مراد یہ ہے کہ اگرچہ آسمان چھت ہے لیکن مضبوطی کے اعتبار سے بنیاد کی طرح مضبوط ہے۔
8۔ وَّجَعَلْنَا سِرَاجًا وَّهَّاجًا 1️⃣3️⃣
اور ہم نے ہی ایک دہکتا ہوا چراغ (سورج) پیدا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس آیت میں الله تعالی اپنی نعمت و قدرت کا بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ہم نے تمہارے لیے جگمگاتا ہوا سورج بنا دیا تاکہ تم اس کی روشنی میں اپنی ضروریات کا انتظام کر سکو۔ اگر سورج نہ ہوتا تو اندھیرا ہی اندھیرا ہوتا ۔ پھر سورج میں روشنی کے ساتھ گرمی بھی موجود ہے۔ سورج کی روشنی اور حرارت زندگی کی علامت ہے۔ یہ الله تعالی کی قدرت کی نشانی ہے کہ تمام انسانوں کو خواہ وہ کافر ہوں یا مسلمان ہزاروں میل کی دوری سے دن کو سورج اور رات کو چاند روشنی مہیا کرتے ہیں۔
اہم بات: تلاوت کے دوران جب آیت کے آخری حرف پر تنوین یعنی دو زبر ہوں تو وہاں ٹھہرتے یا وقف کرتے اور سانس توڑتے وقت اس تنوین کو “ آ ”میں بدل دیتے ہیں ۔ جیسے
شِداداً سے شِدادَا
وَھَّاجاً سے وَھَّاجَا
نوٹ: نام اور حوالے کے بغیر پوسٹ کاپی یا شئیر کرنا منع ہے۔
نزہت وسیم
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں