#عم_یتساءلون
#سورۃ_النبإ
آیة:6
ربط آیات:6تا16
گذشتہ آیات میں کفار مکہ کے سوال و جواب کا ذکر تھا۔ موت کے بعد زندہ ہونے اور انکارِ قیامت کا بیان تھا۔ انکار کی وجہ یہ تھی کفار مرنے کے بعد زندہ ہونے کو مشکل اور ناممکن سمجھتے تھے گویا کہ الله تعالی کی قدرت کا انکار کرتے تھے۔ اب اگلی آیات میں الله جل شانہ نے اپنی عظیم الشان نشانیوں کا ذکر فرمایا ۔ نو دلائل سے اپنی قدرت کے عجیب و غریب مناظر پیش کیے۔ جن سے ثابت ہوتا ہے کہ الله سبحانہ و تعالی کے لیے قطعا مشکل نہیں کہ وہ اس سارے عالم کو فنا کرکے دوبارہ پیدا کر دیں۔ جس الله نے اتنی بڑی زمین بنائی ، اس پر بڑے بڑے پہاڑ رکھ دئیے ، عظیم الشان آسمان بغیر ستون کے کھڑا کر دیا، وہ اس چھوٹے سے انسان کو دوبارہ زندہ کرنے پر پوری قدرت رکھتا ہے۔ لہذا کفار کا اس بات سے انکار کرنا بالکل بے بنیاد ہے۔ اس کے علاوہ الله سبحانہ وتعالی نے اپنے انعامات کا ذکر فرما کر کفار کو توجہ دلائی کہ ان نعمتوں پر اس کا شکر ادا کرو اور اس کی توحید کا اقرار کرو۔
الله جل جلالہ کی حکمت و صنعت کے نو مناظر:
1. اَلَمْ نَجْعَلِ الْاَرْضَ مِهٰدًا 6️⃣
اردوترجمہ: کیا ہم نے زمین کو ایک بچھونا نہیں بنایا ؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کیا ہم نے زمین کو تمہارے چلنے پھرنے ، بیٹھنے ، لیٹنے کے لیے بستر کی طرح اور بچھونے کی طرح نہیں بنایا۔ جہاں چاہو بیٹھ جاؤ ، لیٹ جاؤ۔ اگر زمین ہوا کی طرح ہلکی ، پانی کی طرح نرم ، آگ کی طرح گرم ہوتی تو تم اس پر کس طرح چل پھر سکتے ۔ یہ الله تعالی کی عظیم نعمت ہے جس میں کافر و مسلمان برابر کے شریک ہیں۔ اس نعمت کا تقاضا ہے کہ تم اس کا شکر ادا کرو اس کی توحید کا اقرار کرو۔ جس ذات نے اتنی بڑی زمین کو بچھونا بنایا کیا اس کے لیے انسان کو دوبارہ زندہ کرنا مشکل ہے؟
اہم بات :حرف “ح “اور “ھ” کی ادائیگی میں فرق ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت کے دوران اس کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔عربی زبان میں “ح” کی جگہ “ھ” پڑھنا بڑی غلطی ہے؛کیونکہ اس سے معنی بدل جاتا ہے۔
“ح”حلق کے درمیان والے حصے سے ادا ہوتا ہے اور نفیس سی آواز ہے۔ ”ھ” حلق کے آخری حصے یعنی اس کی جڑ سے ادا کرتے ہیں ۔ درد یا تکلیف کی وقت جو “ہائے ” سینے کی گہرائی نکلتی ہے اسے “ھ” کہتے ہیں۔
نوٹ: بغیر نام اور حوالہ پوسٹ کاپی یا شئیر کرنا منع ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں