#لَا يَذُوْقُوْنَ فِيْهَا بَرْدًا وَّلَا شَرَابًا (24)
کہ اس میں نہ وہ کسی ٹھنڈک کا مزہ چکھیں گے، اور نہ کسی پینے کے قابل چیز کا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پھر اس جھنم میں انہیں نہ تو ٹھنڈک ملے گی، نہ پانی، نہ سایہ، نہ مکان ، نہ لباس اور نہ کھانا ، نہ ہوا، آرام اور سکون پہنچانے والی کوئی چیز میسر نہ ہوگی۔
بعض علماء فرماتے ہیں برداً کا مطلب نیند ہے۔ یعنی اس قدر مصیبتوں کی وجہ سے نیند بھی نہ آئے گی۔ شراباً سے مراد پانی ہے، یعنی دنیا کی ہلکی سے ہلکی چیز یعنی پانی جو بدترین قیدی کو بھی پلا دیا جاتا ہے وہاں انہیں وہ بھی نہیں ملے گا بلکہ اس کے بدلے حمیم اور غساق پلایا جائے گا۔
اِلَّا حَمِيْمًا وَّغَسَّاقًا (25)
سوائے گرم پانی اور پیپ لہو کے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حمیم:
بے حد گرم پانی جو لوہے کی چمٹیوں سے پکڑ کر دوزخیوں کے سامنے لایا جائے گا۔ جب ان کے منہ کے قریب آئے گا تو چہرے جھلس جائیں گے اور پیٹوں میں اترے گا تو آنتوں کو کاٹ ڈالے گا۔ (ترمذی)
غساق: بے حد ٹھنڈا ہوگا جسکی ٹھنڈک کی وجہ سے دوزخی اس کو پی نہ سکے گا، بعض کہتے ہیں کہ غساق جہنمیوں کا بہتا ہوا خون ہے یا پھر غساق جہنم کے ایک چشمے کا نام ہے جسمیں سانپ ، بچھو اور ہر زہریلے جانور کا زہر جمع ہوگا جب جہنمی کو اس میں غوطہ دیا جائے گا تو اس کی کھال ہڈیوں سے اتر کر ٹخنوں پرگر جائے گی جسے وہ گھسیٹتا پھرے گا۔
جَزَآءً وِّفَاقًا (26)
یہ ان کا پورا پورا بدلہ ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ ظلم نہیں ہوگا بلکہ ان کے اعمال کا پورا بدلہ ہوگا۔ جہنم میں ان کو جو سزا دی جائے گی وہ ان کے باطل عقیدوں اور بد اعمالیوں کے عین مطابق ہو گی۔ عدل و انصاف کے حساب سے کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی اوریہ سزا ان کے بدترین جرم یعنی شرک و کفر کا بدلہ ہوگا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں