رشتے ناطے اور خاندان الله کریم نے انسانوں کی پہچان کے لئے بنائے ہیں ۔ لیکن کیا چیز ہے جو ان تعلقات کو مضبوطی سے باندھ دیتی ہے ۔ کیوں جب کوئی تعلق ٹوٹتا نظر آئے تو اتنی تکلیف ہوتی ہے کہ روح تک کانپ اٹھتی ہے ؟
شاید یہ روحوں کا تعلق ہے ۔
وہ روحیں کہ جن کو اکٹھا کرکے ان کے سامنے اُس مالک الملک نے خطاب فرماتے ہوئے پوچھا تھا ۔۔۔
اَلَسْتُ بِرَبِّکُم
کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں ؟
کیا ہمیں وہ وعدہ یاد ہے ؟
کہیں ہم نے وہاں کچھ اور وعدے تو نہیں کئے تھے ؟
کوئی تو بات ہے ۔۔۔ کچھ تو راز ہے ۔ جس کا بھید ہم پانہیں سکے ۔
یونہی تو نہیں الله کریم نے صلہ کو اپنے عرش کے نیچے جگہ دے دی ۔
آخر ایسی کیا خاص بات ہے اس کے جوڑے رکھنے میں ۔
کہ وہ مالک حقیقی خود فرما رہا ہے ۔
جس نے اسے جوڑا اُس نے مجھے جوڑا ۔۔۔ اور جس نے اسے توڑا اس نے مجھ سے ناطہ توڑا ۔
یہ صلہ ، یہ رشتہ ، یہ تعلق آخر ہے کیا ؟
ماں ، باپ ، بہن بھائی ، شوہر بیوی اور اولاد ۔۔ انہیں کے رنگ ہیں نا سارے ۔۔
پر نہیں ایک اور تعلق بھی ہے ۔ انسانیت کا ، مذہب کا ، امّت کا ، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا
الله کریم نے فرمایا ۔۔۔ الخلق عیال الله
ساری مخلوق میرا کُنبہ ہے ۔
پھر فرمایا ۔۔
یاَیُّھَا الّذینَ آمنو
اے ایمان والو
پھر فرمایا
وَالْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُهُمْ أَوْلِيَاءُ بَعْضٍ يَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَيَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ وَيُقِيمُونَ الصَّلَاةَ وَيُؤْتُونَ الزَّكَاةَ وَيُطِيعُونَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ أُولَئِكَ سَيَرْحَمُهُمُ اللَّهُ إِنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
اور مومن مرد اور مومن عورتیں ایک دوسرے کے دوست ہیں کہ اچھے کام کرنے کو کہتے اور بری باتوں سے منع کرتے اور نماز پڑھتے اور زکوٰۃ دیتے اور اللہ اور اسکے پیغمبر کی اطاعت کرتے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جن پر اللہ رحم کرے گا بیشک اللہ غالب ہے حکمت والا ہے۔
سورہ توبہ ۔
یہ بھی تو رشتے ناطے ہیں ۔ کیا ان کے جوڑنے کا حکم نہیں ۔
یقینا ہے ۔۔ لیکن شاید ہم الله کریم کی بات پر غور نہیں کرتے ۔ توجہ نہیں دیتے ۔
تنگ نظری بھی ہماری ایک بڑی بیماری بن چکی ہے ۔
اگر الله جل شانہ نے یہ بھی ایک تعلق اور رشتہ نہ بنایا ہوتا ۔۔ اور
اگر الله رحیم و کریم کو پسند نہ ہوتا ۔۔۔ تو اس کے محبوب نبی صلی الله علیہ وسلم کی محبوب بیوی کبھی امت کی سب سے بڑی استا د اور فقیہہ نہ ہوتیں ۔
شاید ہم نے صرف سننےاور پڑھنے ہی کو علم سمجھ لیا ہے ۔
شاید ہم حقیقتوں سے بہت دور سرابوں میں بھٹک رہے ہیں ۔
شاید ہمیں بہت کچھ بہت غور اور دھیان سے سوچنے کی ضرورت ہے ۔
والله اعلم ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں