ثُمَّ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بَعَثْنَاكُم ۔۔۔۔۔۔۔ مِّن ۔۔۔۔۔۔ بَعْدِ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔مَوْتِكُمْ
پھر ۔۔۔۔۔ اٹھایا ہم نے تم کو ۔۔۔۔ سے ۔۔۔۔۔ بعد ۔۔۔۔ موت تمہاری
لَعَلَّكُمْ ۔۔۔۔۔۔تَشْكُرُونَ۔ 5️⃣6️⃣
تاکہ تم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تم شکر کرو
ثُمَّ بَعَثْنَاكُم مِّن بَعْدِ مَوْتِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ. 5️⃣6️⃣
پھر ہم نے تمہیں تمھاری موت کے بعد اٹھا کھڑا کیا تاکہ تم احسان مانو ۔۔۔
الله تعالی بنی اسرائیل کو ایک ایک کر کے اپنے احسانات یاد کروا رہا ہے ۔ تاکہ وہ اُن کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے بُرے کاموں کو چھوڑ دیں اور سیدھی راہ پر لوٹ آئیں ۔
اس آیت میں سابقہ واقعہ تسلسل سے بیان ہو رہا ہے ۔ جب بنی اسرائیل کے ایک گروہ نے حضرت موسٰی علیہ السلام سے کہا کہ ہم تو الله تعالی کو اپنی ظاہری اور مادی آنکھوں سے دیکھیں گے ۔ تو ان کی اس گستاخی کی وجہ سے ان پر بجلی گری اور وہ سب مر گئے ۔ موسٰی علیہ السلام نے جب یہ دیکھا ۔ تو عرض کیا اے پروردگار میں ان لوگوں کو بنی اسرائیل کے سامنے گواہی دینے کے لئے لایا تھا ۔ اب یہ مر گئے ۔ میں قوم کو کیا جواب دوں گا اور اُن کے سامنے کیا دلیل پیش کروں گا ۔ الله تعالی نے انہیں دوبارہ زندہ کر دیا ۔
اس آیت میں الله تعالی نے بنی اسرائیل کو اس حقیقت کی طرف متوجہ کیا ہے ۔ اور ارشاد فرمایا ہے کہ تم میرے اس احسان کو یاد کرو ۔ کہ میں نے تمہیں موت کے بعد دوبارہ زندگی بخشی ۔ اور اس کا شکر ادا کرو ۔ شکر ادا کرنے کی صرف یہی صورت ہے ۔ کہ بے دینی اور گمراہی چھوڑ کر الله جل جلالہ کا حکم بجا لاؤ ۔
اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے ۔ کہ الله تعالی کے حضور میں گستاخی اور اس اعلٰی ذات سے بے جا مطالبہ کرنا بہت بڑا گناہ ہے ۔ اور اس کی سخت سزا ہے ۔ ان لوگوں نے الله تعالی کو اپنی آنکھوں سے بے حجابانہ دیکھنے کی آرزو کی ۔ حالانکہ یہ بشر کے حوصلہ سے بہت بلند بات تھی ۔ اس گستاخی کی اُن کو سزا ملی ۔
ہمیں بھی چاہئیے کہ الله جل جلالہ اور اس کے محبوب صلی الله علیہ وسلم کی ہر بات بلا چون و چرا مان لیا کریں ۔ اس میں خواہ مخواہ کی نکتہ چینی ، دلیل بازی اور حجتیں پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں ۔ کیونکہ اس طرح انسان میں غلط اور فضول بحث کرنے کی عادت پڑ جاتی ہے ۔ اور جو لوگ فضول بحثیں کرنے کے عادی ہوتے ہیں وہ ہمیشہ عمل سے جی چراتے ہیں ۔ وہ صرف باتوں کے دہنی ہوتے ہیں ۔
درس قرآن ۔۔۔۔۔ مرتبہ درس قرآن بورڈ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں