کمال فلم ہے ۔ پتہ ہے اس کا مقصد ( تھیم ) کیا ہے ؟
ظلم ۔۔۔ جبر ۔۔ نا انصافی اور بُری طاقتوں کے سامنے ہر حال میں ڈٹے رہنا ۔۔۔
ایک طرف شر کی ساری طاقتیں اور دوسری طرف ننھی منی سی خیر ۔
شر کی ہمیشہ قائم رہنے کی خواہش ۔۔۔ اور خیر کااپنے مقصد پر قربان ہونے کا عزم
شر کی ساری دنیا پر اپنی طاقت سے حکومت قائم کرنے کی حرص ۔۔۔۔ اور خیر کی دلوں پر راج کرنے کی لگن
پھر ایک مقصد کے لئے اکٹھ ۔۔۔ خیر کا ایک گروہ میں اور شر کا دوسرے گروہ میں ایک دوسرے کے مقابل ڈٹ جانا
مقصد اور دوستی کے لئے ہر چیز قربان کرنا
ماں باپ کے ایثار اور قربانی سے شروع ہونے والی داستان مجھے تو بہت پسند ہے ۔
للی جیمز اور جیمز پورٹر اپنے معصوم بچے کو بچانے کے لئے اپنی جان قربان کر دیتے ہیں ۔
اور پروفیسر سیورس سنیپ ۔۔۔ واہ کیا رول ہے ! محبت میں ڈوبا ۔۔۔ اس قدر محبت بے کہ محبوب کا محبوب بھی محبوب ہوگیا
کمال ولن ہے جو سب سے بڑا ہیرو نکلتا ہے ۔
اور پروفیسر ایلوس ڈمبلڈور اس کا تو ہر رنگ ہی نرالہ ہے ۔ جھپٹنا ، پلٹنا پلٹ کر جھپٹنا ۔۔۔
جس چیز نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا وہ دوستی ، محبت ۔۔۔۔ شر کے سامنے ڈٹ جانا ہے ۔ بظاہر کمزور ایک صاف واضح نظر آنے والے طاقتور اور ظالم کے سامنے کھڑا ہونے سے ذرا بھی خوف نہیں کھاتا ۔ کیا چیز ہے جو اسے حوصلہ ہارنے نہیں دیتی ۔
اُس کا یقین ۔۔۔ خود پر اعتماد ۔۔۔ باطل کے سامنے کبھی سر نہ جھکانے کا عزم ۔۔۔۔۔ دوستوں پر اندھا اعتماد کہ وہ کسی بھی حال میں اس کا ساتھ نہیں چھوڑتے ۔۔۔۔ ہمت ۔۔ جہد مسلسل ۔۔۔ اور مشکل سے مشکل وقت میں بھی مایوس نہ ہونا جیسی ہیری ، ویزلی رون اور ہرمائنی کی جادونگری ہے نا۔ بالکل اسی طرح
آج کی دنیا بھی ایک جادو نگری بنتی جا رہی ہے۔ وولڈیمورٹ " وہ جس کا نام نہیں لے سکتے "اس کی ہر ایک پر نظر ہے ۔
وہ اتنا طاقتور ہے کہ ہیری کے دماغ میں جھانک لیتا ہے ۔ اس کا نام لیتے ہی تحقیق شروع ہو جاتی ہے کہ کون اُس کا نام لے رہا ہے اور کیوں ۔ فوراً دوست سمجھانے لگتے ہیں اس کا نام نہ لو اسے خبر ہوجائے گی ۔
شر کا مقابلہ وولڈیمورٹ کے سامنے سر جھکانے سے نہیں ہوتا ۔ اس کے لئے کوشش اور جہد مسلسل کرنی پڑتی ہے ۔ اپنی جان پر ستم سہنے پڑتے ہیں ۔ ماتھے پر وولڈیمورٹ کے لگائے زخم کی چھبن ہر وقت سہنی پڑتی ہے ۔ پروفیسر امبرج کے قلم کی دھار سے ہاتھ کٹوانا پڑتا ہے ۔ اور پھر اپنے آپ کو اپنے لوگوں کو ، اپنے دوستوں کو بچانے کے لئے مقابلے کے سارے گُر سیکھنے پڑتے ہیں ۔ جن چیزوں سے ڈر لگتا ہے وہ ڈر نکالنے پڑتے ہیں ۔ جرآت اور دلیری کا دامن تھامنا پڑتا ہے ۔ چھپ کر دھوکا دے کر ، خود ہمت کرنا اپنے ساتھیوں کو ہمت دلانا ۔۔۔ اپنے آرام کو چھوڑ کر مسلسل محنت سے مقابلے کے سارے طریقے سیکھنا ۔ دشمن کی طرف سے آتے ہر وار کو بے کار کرنے کا ہنر جاننا ۔۔۔ اتنا آسان نہیں جتنا نظر آتا ہے ۔ دور دراز صحراؤں برف زار وادیوں ، کھنڈروں میں تنہائیوں کے عذاب سہنے خالہ جی کا گھر نہیں ۔۔۔ ۔ کوشش مسلسل کوشش ۔۔ ایک لمحے کے لئے بھی ہمت نہ ہارنا لگے رہنا اور آہستہ آہستہ آگے بڑھتے رہنا ۔۔۔۔ کیا کچھ نہیں ہے اس سیریز میں ۔
میں جب بھی مایوسی کے اندھیروں میں ڈوبتی ، اداس ہوتی یہ فلم ضرور دیکھتی ہوں ۔ اور سوچتی ہوں کاش میں ہیری کی ساتھی ، اس کی دوست کی طرح بن سکوں ۔ کاش کفراور شر کے مقابل ڈٹ کر کھڑی ہو سکوں ۔ کاش اس جادو نگری کے سارے جاددؤں کا توڑ کر سکوں ۔ ہرمائنی کی طرح وہ سارے نجات کے نسخے رٹ لوں کہ جہاں میرے دوست ذرا بھولنے لگیں انہیں یاد دلا دوں ۔ اس طلسمی دنیا کی حقیقت بتا سکوں ۔ اپنی جادو کی چھڑی سے سارے اپنوں کی تکلیفیں دکھ درد پلک جھپکتے دور کر دوں ۔ اس دنیا کے وولڈیمور کو ختم کرنے کے لئے اپنے دوستوں کے ساتھ ان کی مدد گار ، غمگسار بن کر کھڑی ہوں ۔ اور اپنے رب کے سامنے جماعت ِ حق میں سے شمار ہوں ۔
اور وہ الفاظ ، وہ نام جن کے لیتے ہی شر کی طاقتیں ہمارا خون چوسنے لپک پڑتی ہیں زور زور سے پکار سکوں ۔۔۔ ظلم ۔۔۔۔ دھوکا ۔۔۔ نا انصافی ۔۔۔ مکر ۔۔ فریب ۔۔ جبر۔۔۔۔ قید ۔۔۔ قتلِ ناحق ۔۔۔ فساد ۔۔۔ الجھاد
کیا کوئی اور بھی میری طرح ہیری پوٹر سیریز کا دیوانہ ہے ؟؟؟؟
یا میں اکیلی ہی پاگل ہوں ؟
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں