سورۃ یس پڑھنی تھی ۔ بس کتاب الله کا آخری صفحہ سامنے آگیا ۔ اور سوئی وہیں اٹک گئی ۔
کیا فرمان ہے میرے رب کا ؟؟
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ
اے نبی صلی الله علیہ وسلم آپ فرما دیجئے میں لوگوں کے رب کی پناہ میں آتا ہوں ۔
کمال انداز ہے ۔۔۔ مخاطب تو محبوب کو کیا ۔۔ بندۂ دلنواز کو کیا اور پھر بڑے ہی دلربا انداز میں اپنی شفقت کی طرف مڑ گئے ۔ ربّ الناّس ۔۔۔ لوگوں کا رب ۔۔ یہ تو محبوب اور محب کے بیچ میرا تذکرہ ہے ۔۔۔ الله الله یہ نوازش ۔۔۔یہ کرم یہ ۔۔۔۔عطا
محبت کی انتہا ۔۔۔ لوگوں کا رب ، کمزوروں ، لاچاروں ، بے آسروں کا رب
یتیموں ، اسیروں ، نفس کے غلاموں کا رب
بے کاروں ، گناہگاروں ، بے زاروں کا رب
امیروں ، بادشاہوں ، سپہ سالاروں کا رب
واہ میرے مالک تیری محبت کے رنگ ۔۔۔
اسی پر بس نہیں پھر فرمایا ۔۔۔
مَلِكِ النَّاسِ
آپ فرما دیجئے میں لوگوں کے مالک کی پناہ میں آتا ہوں ۔
مالک ہے ۔۔ بے شک مالک ہے ۔۔۔ ہر ہر سانس کا ۔۔ جسے چاہے دے جس کی چاہے روک لے
مالک ہے ہر ہر حرکت کا ۔۔۔ جسے چاہے اختیار دے جس سے چاہے روک دے
مالک ہے ہر ہر جز کا جسے چاہے کل بننے دے جسے چاہے روک دے
اس کی ملک میں تو عالم ہست کی معمولی سے معمولی حقیر سے حقیر تر بھی ہے اور کمال سے کمال عظیم تر بھی ہے
کہاں اس کی ملکیت کی حد ختم ہوتی ہے ۔۔۔ ؟
کہیں نہیں ۔۔۔ کہیں نہیں
پھر دھیرے سے کہا
إِلَهِ النَّاسِ
اے پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم فرما دیجئے میں لوگوں کے اله کی پناہ میں آتا ہوں ۔
یہ الہ " کیا ہے ؟
وہ جو بنا بیٹھا ہے ۔۔۔ اور لوگ اس کے درپہ جھکے پڑتے ہیں ۔۔۔ حالانکہ وہ ہے نہیں
یا وہ الٰہ " ہے جو حقیقت میں قابل ہے کہ اس کے سامنے ہرشئے جھک جائے اور اسے اس کی پرواہ بھی نہیں ۔
کیا وہ الہ ہے کہ جس نے اندر باہر اپنے پنجے گاڑ لئے رنگ برنگ کی مورتوں میں
یا وہ اله " ہے جس کی کوئی مورت نہیں کہ نگاہ و دل گرفت کر سکیں
کیا وہ اله " ہے اپنی قوت سے ہر نفس کو ڈراتا ہے دھمکاتا ہے ۔ تابع بنانے کے حربے آزماتا ہے
یا وہ الٰہ" ہے ۔ کہ جس کی قوت انسانی سوچ پر بھی حاوی ہے پر قابض نہیں ۔
کیا وہ الہ " ہے جو نفس کو فخر و غرور کے شک میں الجھائے رکھتا ہے
یا وہ اله" ہے جو ذہن و روح سے ایک پل میں ساری دھند ہٹا دیتا ہے
لا اله ۔۔ الا ہو
لا اله ۔۔۔ الا ہو
لا الہ ۔۔۔ الا ہو
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں