*الله کی کوئی اولاد نہیں*

وَقَالُوا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ اتَّخَذَ ۔۔۔۔ ۔۔ اللَّهُ ۔۔۔۔۔۔۔  وَلَدًا 
اور وہ کہتے ہیں ۔۔۔ وہ رکھتا ہے ۔۔۔ الله تعالی ۔۔۔ اولاد 
سُبْحَانَهُ ۔۔۔ بَل ۔۔۔۔۔۔۔۔ لَّهُ ۔۔۔۔۔۔۔۔ مَا۔۔۔  فِي ۔۔۔۔السَّمَاوَاتِ
وہ پاک ہے ۔۔۔ بلکہ ۔۔ اس کے لئے ۔۔۔ جو ۔۔۔ میں ۔۔۔ آسمانوں 
  وَالْأَرْضِ ۔۔۔ كُلٌّ ۔۔۔ لَّهُ ۔۔۔۔قَانِتُونَ۔  1️⃣1️⃣6️⃣
اور زمین میں ۔۔۔ سب  ۔۔ اسکے لئے ۔۔۔ فرمانبردار 

وَقَالُوا اتَّخَذَ اللَّهُ وَلَدًا سُبْحَانَهُ بَل لَّهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ كُلٌّ لَّهُ قَانِتُونَ.  1️⃣1️⃣6️⃣

اور وہ کہتے ہیں الله تعالی اولاد رکھتا ہے  وہ سب باتوں سے پاک ہے  بلکہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اسی کا ہے  سب اسی کے فرمانبردار ہیں ۔ 

پچھلی آیت میں بتایا گیا تھا کہ یہود و نصاری کا یہ خیال غلط ہے کہ الله تعالی کسی خاص سمت کو پسند کرتا ہے ۔ اس لئے اس کی طرف منہ کرنے کے لئے ہمیں بھی کسی خاص سمت میں مُڑنا چاہئیے ۔ الله تعالی نے اس کی تردید کی کہ وہ کسی خاص سمت یا چار دیواری میں محدود نہیں ہے ۔ بلکہ وہ تمام کائنات کا مالک ہے ۔ اس کی کوئی حد نہیں اس لئے جس طرف بھی چاہو رُخ کر کے الله کو یاد کر لیا کرو ۔ وہ تمہاری طرف متوجہ ہو گا ۔ 
اِتَّخَذَ ۔ ( رکھتا ہے ) ۔ یہ لفظ کئی معنوں میں استعمال ہوتا ہے ۔ مثلا  پکڑنا ، بنانا  اور اختیار کرنا ۔ اور مفہوم ان سب ترجموں کا ایک ہی ہوتا ہے ۔ 
قَانِتُوْنَ ۔ (تابع فرمان ) ۔ اس کا واحد قانتٌ ہے ۔ یعنی حکم ماننے والا ۔ اور اطاعت گزار ۔ قنوت اسی لفظ سے ہے ۔ نماز وتر کی دُعا کو دعائے قنوت اسی لئے کہتے ہیں کہ اس میں الله تعالی کی کامل اطاعت اور فرمانبرداری کا عہد ہوتا ہے ۔ 
بعض یہودی حضرت عزیر علیہ السلام کو الله کا بیٹا کہتے تھے ۔ اور عیسائی حضرت عیسی علیہ السلام کو ۔ اور مشرکین عرب ملائکہ کو الله تعالی کی بیٹیاں قرار دیتے تھے ۔ یہ عقیدہ شرک کی بد ترین قسم ہے ۔ الله تعالی فرماتا ہے کہ وہ ان کی تمام بیہودہ باتوں سے پاک ہے ۔ اس کے کوئی اولاد نہیں ۔ وہ ایک ہے ۔ وہ تمام کائنات کا مالک ہے ۔ زمین و آسمان میں جو کچھ ہے سب اسی کے حکم کے تابع ہے ۔ ہر جگہ اسی کی سلطنت ہے ۔ مخلوق سے اس کا تعلق یہ ہے کہ ساری کائنات اور جنّ و بشر اس کے عبادت گزار اور تابع فرمان ہیں ۔ وہ سب کا معبود و مسجود ہے ۔ کائنات کی تمام چیزیں اس کے حکم کے آگے سر جھکائے ہوئے ہیں ۔ انسان کا کمال بھی اسی میں ہے کہ اس کے آگے سر جھکا دے اور اس کے سوا کسی کا فرمانبردار بن کر نہ رہے ۔ 
امت مسلمہ توحید کی علمبردار ہے ۔ اور وہ اسی عقیدے کی تبلیغ کرتی ہے ۔ کہ شرک سب سے بڑا گناہ ہے ہمیں ہمیشہ اس سے بچنا چاہئیے اور توحید کا دل سے یقین کرنا چاہئیے ۔
درس قرآن ۔۔۔ مرتبہ درس قرآن بورڈ 

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

مقوقس شاہ مصر کے نام نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کا خط

سیرت النبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم..قسط 202 2.. "مقوقس" _ شاہ ِ مصر کے نام خط.. نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک گرامی ...

پسندیدہ تحریریں