*اردو میری پیاری اردو*

محبت کے ہزار رنگ ۔۔۔ ایک خوشنما ، دلربا ، جانِ جاں ، مہرباں سا رنگ جو رہتا ہے میرے سنگ سنگ 📌
میری زباں ، میری پہچان اور میری جان 📌

💝❤️💝
اردو ہے جس کا نام ہم ہی جانتے ہیں داغ۔
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے 
🍁
اور میری زبان ہے بڑی نخرے والی ۔ اپنے ناز و انداز یوں دکھاتی ہے 📌
💖💞💖
نہیں کھیل اے داغ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے     اردو زباں     آتے آتے​
🍁
یہ بات بھی ہم مانتے ہیں کہ ہم اسے سیکھنے  میں اتنے کامیاب نہیں ہوئے 📌
💗❤️💗

خدا رکھے زباں ہم نے سنی ہے میر و مرزا کی
کہیں کس منہ سے ہم اے مصحفی اردو ہماری ہے
🍁
چلو کوئی نہیں امید تو بندھ جاتی ہے یہ سُن کر  📌
💞💝💞

سلَیقِے سے ہواؤں میں جو خُو شبو گھول سَکتے ہیں 
ابھی کُچھ لُوگ باقی ہیں جو اُردو بول سکتِے ہیں
🍁
تھوڑی خود پسند بھی ہے ۔ پر جب جھوم جھوم کر اپنی تعریف کرتی ہے تو مزہ آ جاتا ہے اور  📌
اس کے ساتھ ساتھ ہم خود بھی  جھومنے لگتے ہیں 

💝💞💝

اردو ہے میرا نام میں خسرو کی پہیلی
میں میر کی ہمراز ہوں غالب کی سہیلی

دکن کے ولی نے مجھے گودی میں کھلایا
سودا کے قصیدوں نے میرا حسن بڑھایا
ہے میر کی عظمت کہ مجھے چلنا سکھایا
میں داغ کے آنگن میں کھلی بن کے چنبیلی

غالب نے بلندی کا سفر مجھ کو سکھایا
حالی نے مروت کا سبق یاد دلایا
اقبال نے آئینۂ حق مجھ کو دکھایا
مومن نے سجائی میری خوابوں کی حویلی

ہے ذوق کی عظمت کہ دئیے مجھ کو سہارے
چکبست کے الفت نے میرے خواب سنوارے
فانی نے سجائے میری پلکوں پہ ستارے
اکبر نے رچائی مری بے رنگ ہتھیلی

کیوں مجھ کو بناتے ہو تعصب کا نشانہ
میں نے تو کبھی خود کو مسلماں نہیں مانا
دیکھا تھا کبھی میں نے بھی خوشیوں کا زمانہ
اپنے ہی وطن میں ہوں      مگر آج    اکیلی
(اقبال اشعر)​
🍁
بس اس کا شکوہ سن کر خیال آتا ہے 📌
​💝💖💝

تھا عرش پہ اک روز دماغِ اردو
پامالِ خزاں آج ہے    باغِ اردو
غفلت تو ذرا قوم کی دیکھو کاظم
وہ سوتی ہے بجھتا ہے چراغِ اردو
🍁
📌بس ہم نے تو اس کے ساتھ ایسا سلوک کیا کہ بے اختیار چیخ اٹھی  

❤️💚❤️

اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
کیوں جان حزیں خطرہ موہوم سے نکلے​
کیوں نالہ حسرت دل مغموم سے نکلے​
آنسو نہ کسی دیدہ مظلوم سے نکلے​
کہہ دو کہ نہ شکوہ لب مغموم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
اردو کا غم مرگ سبک بھی ہے گراں بھی​
ہے شامل ارباب عزا شاہ جہاں بھی​
مٹنے کو ہے اسلاف کی عظمت کا نشاں بھی​
یہ میت غم دہلی مرحوم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
اے تاج محل نقش بدیوار ہو غم سے​
اے قلعہ شاہی ! یہ الم پوچھ نہ ہم سے​
اے خاک اودھ !فائیدہ کیا شرح ستم سے​
تحریک یہ مصر و عرب و روم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
سایہ ہو اردو کے جنازے پہ ولی کا​
ہوں میر تقی ساتھ تو ہمراہ ہوں سودا​
دفنائیں اسے مصحفی و ناسخ و انشاء​
یہ فال ہر اک دفتر منظوم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
بدذوق احباب سے گو ذوق ہیں رنجور​
اردوئے معلیٰ کے نہ ماتم سے رہیں دور​
تلقین سر قبر پڑھیں مومن مغفور​
فریاد دل غالب مرحوم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
ہیں مرثیہ خواں قوم ہیں اردو کے بہت کم​
کہہ دوکہ انیس اس کا لکھیں مرثیہ غم​
جنت سے دبیر آ کے پڑھیں نوحہ ماتم​
یہ چیخ اٹھے دل سے نہ حلقوم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
اس لاش کو چپکے سے کوئی دفن نہ کر دے​
پہلے کوئی سر سیداعظم کو خبر دے​
وہ مرد خدا ہم میں نئی روح تو بھر دے​
وہ روح کہ موجود نہ معدوم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​
اردو کےجنازے کی یہ سج دھج ہو نرالی​
صف بستہ ہوں مرحومہ کے سب وارث و والی​
آزاد و نذیر و شرر و شبلی و حالی​
فریاد یہ سب کے دل مغموم سے نکلے​
اردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے​ 
( رئیس امروہی ) 

📌ٹھیک ہی تو ہے اس کا شکوہ ہم نے کب اس کی وہ قدر کی جس کی حقدار ہے۔  

💖💞💝
 
یارانِ خوش مذاق نے اللہ کی پناہ
اردو کو بے قصور مسلمان کر دیا

(منور رانا )​
🍁
📌خوامخواہ  حالانکہ ۔ 
❤️💗❤️

چکبست اور فراق کے ماتھے کا تلک ہوں
اقبال کے نغمات میں آیات کی جھلک ہوں
دوہوں میں کبیر کے محبت کی مہک ہوں
کیوں مجھ کو کہہ رہے ہو کہ میں مسلمان ہوں
ہندوستان کی شان میں اردو زبان ہوں​

🍁
📌 اگرچہ حقیقت تو یہ ہے کہ میری جانِ جگر کی شان تو یہ ہے 
💞💖💞

چرچا ہر ایک آن ہے اردو زبان کا​
گرویدہ کل جہان ہے اردو زبان کا

اس لشکری زبان کی عظمت نہ پوچھیے
عظمت تو خود نشان ہے اردو زبان کا

گم نامیوں کی دھوپ میں جلتا نہیں کبھی
جس سر پہ سائبان ہے اردو زبان کا

مشرق کا گلستاں ہو کہ مغرب کا آشیاں
ویران کب یہ مکان ہے اردو زبان کا

سوداؔ و میرؔ و غالبؔ و اقبالؔ دیکھ لو
ہر ایک پاسبان ہے اردو زبان کا

اردو زبان میں ہے گھلی شہد کی مٹھاس
لہجہ بھی مہربان ہے اردو زبان کا

ترویج دے رہا ہے جو اردو زبان کو
بے شک وہ باغبان ہے اردو زبان کا

مہمان کہہ رہا ہے بڑا خوش نصیب ہے
جو شخص میزبان ہے اردو زبان کا

یہ ارضِ پاک صورتِ کشتی ہے دوستو!
اور اس میں بادبان ہے اردو زبان کا

لوگو! کہیں بھی اس میں پس و پیش کچھ نہیں
اک معترف جہان ہے اردو زبان کا

بولی ہے رابطے کی یہی جوڑتی ہے دل
ہر دل میں ایسا مان ہے اردو زبان کا

روشن ہے حرف حرف مفہوم اس کا آفریں
شیریں سخن بیان ہے اردو زبان کا

وسعت پذیر دامنِ اردو ہے اآج بھی
ہر گوشہ اک جہان ہے اردو زبان کا

کرتا ہے آبیاری لہو سے ادیب جو
وہ دل ہے ، جسم و جان ہے اردو زبان کا

آئیں رکاوٹیں جو ترقی میں اس کی کچھ
سمجھو یہ امتحان ہے اردو زبان کا

پائے گا جلد منزلِ مقصود بالیقیں
جاری جو کاروان ہے اردو زبان کا

عزت سخنورانِ ادب کی اسی سے ہے
شاعرؔ بھی ترجمان ہے اردو زبان کا

🍁
📌اور  
💞❤️💞

مرے کانوں میں مصری گھولتا ہے
کوئی بچہ جب اردو بولتا ہے
(مشتاق دربھنگوی)​
🍁
📌میں تو کہتی ہوں۔ 
💖💝💖

سیکڑوں اور بھی دنیا میں زبانیں ہیں مگر
جس پہ مرتی ہے فصاحت وہ زباں ہے اردو

📌 اور دیار غیر میں اس ہمنشیں کی جب یاد آجائے تو  پردیسی بابو  آہ بھر کر کہتا ہے ۔۔۔    ۔
💗💞💗

سب میرے چاہنے والے ہیں،    میرا کوئی نہیں
میں بھی اِس ملک میں اُردُو کی طرح رہتا ہوں
( حسن کاظمی )
🍁
ہر شخص کو زبانِ فرنگی کے باٹ سے
جو شخص تولتا ہے سو ہے وہ بھی آدمی
افسر کو آج تک یہ خبر ہی نہیں ہوئی
اُردو جو بولتا ہے سو ہے وہ بھی آدمی
(انور مسعود)​
🍁
اگرچہ📌
💞❤️💞

فضا کیسی بھی ہو وہ رنگ اپنا گھول لیتا ہے
سلیقے سے زمانے میں جو اردو بول لیتا ہے
( سلیم صدیقی ) 
🍁
📌  اور ہم ان محبوب پردیسیوں کی شان میں کہتے ہیں ۔
💝💖💝

ناز و انداز میں شائستہ سا وہ حسنِ نفیس
ہُو بہُو جانِ غزل ہے مری اردو کی طرح
(عطا تراب ) 

💖💝💖

وہ بولتا ہے نگاہوں سے اس قدر اردو 
خموش رہ کے بھی اہلِ زباں سا لگتا ہے
📌 مزید۔  
💝💖💝

اس کے اردو میں بھی اب کے مغربی لہجہ ملا 
کالے بالوں کی رنگت     زعفرانی۔   ہو گئی
🍁
کہا جو میں نے کہ ان کی ادا انوکھی ہے
کہا بتوں نے کہ اردو میاں کی چوکھی ہے
🍁
📌 لیجئے استاد مَن ڈانٹ رہے ہیں  
💝💖💝

بچّو، یہ سبق آپ سے کل بھی میں سنوں گا
وہ آنکھ ہے نرگس کی جو ہرگز نہیں سوتی
عنقا ہے وہ طائر کہ دکھائی نہیں دیتا
اردو وہ زباں ہے کہ جو نافذ نہیں ہوتی
(انور مسعود)
🍁
وہ دشمنِ اُردو ہیں وہ ہیں دشمنِ مِلّت
کرتے ہیں جو اُردو کی سلاست کو سبوتاژ
(اکبر لاہوری)
🍁
📌 ڈانٹ تو پڑے گی کیونکہ ہمارا حال ہی ایسا ہے۔  
💖💗💖

مِلا اردو کو اس کا حق نہ جمہوری نظام آیا
ہوئے پورے نہ جو وعدے کیے تھے ہم نے قائد سے
(سید قاسم جلال)
🍁
💖💝💖

گو لاکھ ہو رنگت پھولوں میں خوشبو جو نہیں تو کچھ بھی نہیں
اس ملک میں چاہے ہُن برسے اردو جو نہیں تو کچھ بھی نہیں
(جسٹس آنند نرائن مُلّا)
🍁
📌 ہمارے ایک بنگالی بھائی نے بھی اعتراف کیا چُپکے سے۔  
💖❤️💖
اصفر بجا ہے جادوئے بنگال بھی مگر
اُردو زباں کے فیض سے جادو بیاں ہوں میں
🍁
📌 ہمارے دل کی صدا تو  بس یہی ہے۔  

💝💖💝
مرے آنسو کو جگنو بولتی ہے
مری تہذ یب اردو بولتی ہے​ 

💝💖💝

کس قدر نرم سی نازک سی ہے اردو کی طرح
صرف محسوس کیا کر اسے خوشبو کی طرح

منصور آفاق​

💖💝💖
یارب رہے سلامت اردو زباں ہماری
ہر لفظ پر ہے جس کے قربان جاں ہماری

مصری سی تولتا ہے ، شکر سی گھولتا ہے
جو کوئی بولتا ہے میٹھی زباں ہماری

ہندو ہو پارسی ہو عیسائی ہو کہ مسلم
ہر ایک کی زباں ہے اردو زباں ہماری

دنیا کی بولیوں سے مطلب نہیں ہمیں کچھ
اردو ہے دل ہمارا ، اردو ہے جاں ہماری

دنیا کی کل زبانیں بوڑھی سی ہو چکی ہیں
لیکن ابھی جواں ہے اردو زباں ہماری

اپنی زبان سے ہے عزت جہاں میں اپنی
گر ہو زباں نہ اپنی عزت کہاں ہماری

اردو کی گود میں ہم پل کر بڑے ہوئے ہیں
سو جاں سے ہم کو پیاری اردو زباں ہماری

آزاد و میر و غالب آئیں گے یاد برسوں
کرتی ہے ناز جن پر اردو زباں ہماری

افریقہ ہو عرب ہو امریکہ ہو کہ یورپ
پہنچی کہاں نہیں ہے اردو زباں ہماری

مٹ جائیں گے مگر ہم مٹنے نہ دیں گے اس کو
ہے جا ن و دل سے پیاری ہم کو زباں ہماری
(اختر شیرانی)​
🍁
💝💗💝

گیسوئے اردو ابھی منّت پذیرِ شانہ ہے
*شمع یہ سودائیِ دل سوزئ پروانہ ہے 

💝💗💝

کوئی تبصرے نہیں:

حالیہ اشاعتیں

مقوقس شاہ مصر کے نام نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کا خط

سیرت النبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم..قسط 202 2.. "مقوقس" _ شاہ ِ مصر کے نام خط.. نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک گرامی ...

پسندیدہ تحریریں